(ایجنسیز)
کریمیا کی پارلیمنٹ کی جانب سے باضابطہ طور پر یوکرائن سے آزادی کے اعلان کے بعد روسی صدر ولاد یمر پوٹن نے کریمیا کو آزاد ریاست تسلیم کر لیا۔
امریکا نے روس اور یوکرائن کی مختلف شخصیات پر پابندیاں عائد کر کے روس کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا۔کریمیا میں ریفرنڈم کے بعد پارلیمنٹ نے باضابطہ طور پر کریمیا کی آزادی کا اعلان کر دیا ہے۔گزشتہ روز ہونے والے ریفرنڈم میں 97 فیصد عوام نے روس سے الحاق کی حمایت میں ووٹ ڈال کر اپنی رائے کا اظہار کیا تھا۔اعلان آزادی کے بعد روس نے کریمیا کو
باضابطہ طور پر آزاد ریاست تسلیم کر لیا۔دوسری جانب امریکا اور یورپی یونین نے روسی صدر ولادیمرپوٹن کے دو مشیروں ، سابق یوکرائنی صدر وکٹریونو کووچ سمیت 11 عہدیداروں اور ارکان پارلیمنٹ پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔امریکی صدر اوباما نے واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان افراد کے امریکا میں موجود اثاثوں، جائیداد کو منجمند کر دیا گیا ہے۔کریمیا کی علیحدگی کے بعد یوکرائن نے روس سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے اور روس کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرے کے باعث یوکرائن میں بڑی تعداد میں فوج میں بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔